مہلوکین کے ورثاء کو چار چار لاکھ روپئے معاوضہکا حکومت کا اعلان
پٹنہ، سہرسہ، پورنیہ، کشن گنج، ارریہ، سپول، مدھے پورہ ، کٹیہار،سمتی پور،چھپرہ ، چمپارن سمیت پورے بہار میں ہائی الرٹ
پٹنہ، ۲۲؍جون: (بی این ایس) پٹنہ میں بارش سے موسم تو سہانا ہوا لیکن اس نے بہت سے لوگوں کی جان بھی لے لی ہے۔ منگل کی شام ہوئی زوردار بارش سے عام لوگوں کو راحت تو ملی لیکن بہت سے گھروں میں ماتم بھی چھا گیا۔ بہار کے کئی اضلاع میں بجلی گرنے سے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 46 افراد کی موت ہو گئی۔ بعد میں یہ اعداد و شمار بڑھ کر 56 بتائی جارہی ہے۔بہت سے لوگوں کے بجلی سے جھلسنے کی بھی خبر موصول ہے۔ ریاست کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ وزیر چندر شیکھر نے اس بارے میں کہا کہ مرنے کی والوں کی تعداد55-56 ہو چکی ہے ، اس کے اور بڑھنے کا بھی خدشہ ہے۔ ہم نے ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو 4-4 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پٹنہ ضلع میں منگل کی شام هي بارش سے کئی گھروں میں کہرام مچ گیا۔ پٹنہ ضلع میں بجلی گرنے سے چار افراد کی موت ہو گئی آٹھ لوگوں کے جھلسنے کی بھی اطلاع ہے بجلی گرنے سے مرنے والوں میں ڈمري گاؤں کے موہن کمار، بدول گاؤں کی لالتي دیوی اور نرملا دیوی اور نوبتپر کے رونيا گاؤں کے وشوناتھ شرما شامل ہیں۔ سہرسہ، پورنیہ اور کٹیہار
ضلع میں بجلی گرنے سے 10 لوگوں کی درد ناک موت ہو گئی۔ سمستی پور میں دو بچے اور چھپرہ میں تین لوگوں کی موت بھی بجلی گرنے سے ہو ئی۔ آرہ میں بھی منگل کی شام ہوئی بارش کے پہلے آئی آندھی اور طوفان نے کئی گھروں کو نقصان پہنچایا۔ یہاں بھی بجلی گرنے سے دو لوگوں کی موت ہو گئی۔ روہتاس میں ایک اسکولی طالب سمیتپانچ افراد ہلاک اور آٹھ افراد بری طرح زخمی ہو گئے۔ جبکہ یمورضلع میں تین لوگوں کی موت ہو گئی۔ کیمورضلع میں بھی آٹھ افراد بجلی گرنے سے بری طرح جھلس گئے ہیں۔ وہیں بہار اورنگ آباد میں چار، نالندہ میں چار اور بکسر میں تین لوگوں کی موت ہو گئی۔ منگل کی شام سب سے زیادہ بارش پورنیہ میں ریکارڈ کی گئی محکمہ موسمیات سے ملی معلومات کے مطابق پورنیہ میں 83.7 ملی میٹر جبکہ پٹنہ میں دیر شام تک 17.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ گیا میں 32.6 ملی میٹر بھاگلپور میں 25.7 ملی میٹر بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر اے کے سین کے مطابق مانسون کے فعال ہونے کی وجہ سے شمالی بہار کے اضلاع میں مسلسل اور تیز بارش ہوگی۔ جنوبی بہار کے اضلاع میں 24 گھنٹے بعد مسلسل بارش امکان ظاہر کیا جارہاہے۔ یہاں محکمہ موسمیات نے شمالی بہار کے سپول، ارریہ، کشن گنج، سہرسہ، مدھے پورا، سیوان، سارن، گوپال گنج، مشرقی اور مغربی چمپارن سمیت پورے شمالی بہار کو الرٹ کردیا ہے۔